(ایجنسیز)
فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں جلیل القدر پیغمبر حضرت یوسف علیہ السلام کا مزار یہودی شرپسندوں کی مسلسل یلغار کے نشانے پر ہے۔
جمعہ کے روز بھی سیکڑوں یہودیوں نے حضرت یوسف کے مزارمیں داخل ہو کر تلمودی تعلیمات کےمطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر مزار کے آس پاس کی کالونیوں میں صہیونی فوج اور پولیس نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے تھے۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا
کہ جمعہ کو علی الصباح سیکڑوں یہودی شرپسند بسوں کے ذریعے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پر پہنچے جہاں ان کے ساتھ صہیونی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی گاڑیاں بھی موجود تھیں۔
صہیونی فوجیوں نے مزار شریف کی طرف آنے والے تمام راستوں کی مکمل ناکہ بندی کر کے فلسطینیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی تھی۔ کئی گھنٹے کی طویل ناکہ بندی کے بعد یہودی آبادکاروں کی واپسی شروع ہوئی۔ مقامی فلسطینی نوجوانوں نے یہودی آباد کاروں پر پتھراؤ بھی کیا۔